Ramadan and Mindful Books



  ان شاء الله المستعان چند روز کے بعد ہی رمضان المبارک کا عظیم ترین مہینہ ہمارے اوپر سایہ فگن ہونے والا ہے۔ہمارا ایمان ہے کہ سال کا یہ مہینہ بہت زیادہ برکت اور عظمت والا ہے۔اس مبارک مہینے میں زیادہ سے زیادہ نیک اعمال کرنے کی کوشش کرنا ایک باشعور اور حساس مسلمان کی پہچان ہے۔اخروی نجات کے حوالے سے بندہ مومن کا حریص ہونا سعادت کی بات ہے۔ویسے تو جو حرص ہمیشہ رہنے والی زندگی کی خاطر ہو اسے اللہ رب العزت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔جو شخص اس عارضی دنیا کے حقیر مال و دولت ساز و سامان اور عہد و جاہ کو چھوڑ کر نیکی کی راہ میں سبقت کر لے وہ انتہائی مبارک بادی کا مستحق ہے۔

خوش قسمت ہے وہ انسان جسے ماہِ رمضان کی قیمتی ساعتوں میں اپنی آخرت کو بنانے اور سنوارنے کا موقع فراہم ہو اور انتہائی بد قسمت ہے وہ انسان جو اپنی کوتاہی سے اس ماہِ انقلاب میں رب کی قربت کا پروانہ حاصل نہ کر پائے۔اللہ تعالی بہت زیادہ محبت کرنے والی ذات ہے،یہ کیسے ممکن ہے کہ وہ اپنے پیارے بندوں کو جہنم کی جھلسا دینے والی آگ میں تڑپتا ہوا دیکھے۔وہ چاہتے ہیں کہ میرے پیارے بندے جنت کی تمام نعمتوں سے لطف اندوز ہونے کے قابل ہو سکیں،جنہیں پہلے ہی اس نے اپنے بندوں کے لیے سجا کے رکھا ہے تاکہ نظارہ کر کے ان کی لطافت بڑھتا ہی چلا جائے۔

اس ماہِ مبارک میں ہم اپنے گناہوں کو بخشوا کر اپنے دل میں تقوی کی شمع کو روشن کر سکتے ہیں اور روح کی بہت ساری کثافتوں کو دھل کر اسے پاکیزہ بنا سکتے ہیں لیکن اس کے لیے ہمیں سستی کی چادر کو چاک کر کے محنت و مشقت اور سخت کوشی میں مزید ترقی لانی ہوگی،وگر نہ ہم بھی اسی مقام پر رہ جائیں گے جہاں اس ماہِ مبارک سے پہلے تھے۔

 روز مرہ کی زندگی میں ہمیں یہ دیکھنے کو ملتا ہے کہ پوری تیاری کے بعد ہی کسی کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاتا ہے لہٰذا اس ماہِ مبارک سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے ہمیں چاہیے کہ ہم آج سے ہی اچھی اور معیاری کتابوں کا مطالعہ شروع کریں۔اس حوالے سے ایس امین الحسن لکھتے ہیں کہ:

”ہمیں رمضان میں زیادہ سے زیادہ عمل کی فکر ہوتی ہے۔معلوم ہونا چاہیے کہ عمل کی بنیاد علم پر ہے۔جو کچھ عوام عمل کرتے ہیں،اس عمل کے پیچھے روایتوں کا علم ہوتا ہے۔

شعوری علم وہ ہے جو انسان خود حاصل کرے۔مرد ہو کہ عورت زندگی کے مختلف مراحل میں اس کام کی بہترین ادائیگی کے لیے مطالعہ کرنا چاہیے تاکہ اسے تمام پہلوؤں سے معلومات مل جائیں۔مثال کے طور پر حج بیت اللہ سے قبل حج سے متعلق دو چار کتابوں کو پڑھ لینے سے حج کی حکمت،غایت،فلسفہ اور اثرات سب سمجھ میں آجاتے ہیں۔اسی طرح شادی سے قبل،تجارت کے ضمن میں میراث کو اکٹھا کرنے سے اس کام کی ادائیگی میں اعتماد اور وثوق بڑھ جاتا ہے۔

لہذا رمضان سے متعلق بھی کچھ ضروری اور اہم کتابوں کا مطالعہ انتہائی مفید ہوگا۔خود بھی پڑھیں،گھر والوں کو ساتھ لے کے پڑھیں،اور رشتہ دار اور یار دوستوں کو بھی رمضان پلانر اور نصاب کتب سے واقف کرائیں۔ان کے عمل سے اجر آپ کو بھی ملے گا،بغیر اس کے کہ ان کے اجر میں کمی واقع ہو۔“(رمضان گائیڈ ص 68-67)

ذیل میں چند ضروری اور اہم کتابیں تجویز کی جارہی ہیں تاکہ ان کا بغور مطالعہ کرنے سے ایک طرف ہم اس ماہِ مبارک سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں اور دوسری طرف ہمارے وجود کے اندر سیکھنے کا دائرہ مزید وسعت میں چلا جایے:

1۔کتاب الصوم(مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ)

2۔اسلامی عبادات پر ایک تحقیقی نظر(مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ)

3۔ارکانِ اربعہ(مولانا سید ابو الحسن علی میاں ندویؒ)

4۔تزکیہ نفس(مولانا امین احسن اصلاحیؒ)

5۔اسلامی عبادات تحقیقی مطالعہ(الطاف احمد اعظمی)

6۔خطباتِ رمضان المبارک(ڈاکٹر اسرار احمدؒ)

7۔رمضان المبارک سے استفادہ کی تدابیر(مولانا سید احمد عروج قادریؒ)

8۔روزہ اور رمضان (مولانا سراج الدین ندوی)

9۔رمضان المبارک(مولانا عبد الغفار حسن)

10۔روزہ اور رمضان(خرم مرادؒ)

11۔رمضان کیسے گزاریں؟(خرم مرادؒ)

12۔رمضان المبارک اور انقلابِ زندگی(خرم مرادؒ)

13۔رمضان المبارک فضائل،فوائد و ثمرات(حافظ صلاح الدین یوسفؒ)

14۔رمضان تبدیلی اور انقلاب کا مہینہ(مولانا محمد فاروق خاں)

15۔رمضان المبارک عظیم کیوں؟(بنت الاسلام)

16۔روزہ اور ہماری زندگی(ڈاکٹر انیس احمد)

17۔احادیثِ رمضان و روزہ(عبید اللہ طاہر فلاحی مدنی)

18۔احکام رمضان اور عشر و زکاة(ڈاکٹر مفتی محمد سراج الدین قاسمی)

19۔رمضان کے روزے حکمتیں اور آداب(مولانا ذکی الرحمٰن غازی مدنی)

20۔روزوں کے مسائل(محمد اقبال کیلانیؒ)

21۔دروسِ رمضان(ابو زید ضمیر)

22۔رحمتوں کے سائے میں(ابو یحییٰ)

23۔روزوں کی کتاب(حافظ عمران ایوب لاہوری)

24۔رمضان گائیڈ(ابو الاعلی سید سبحانی)

25۔لعلکم تتقون(ڈاکٹر محمد رفعتؒ)

26۔روزہ اور مقاصد روزہ(ڈاکٹر عنایت اللہ وانی ندوی)

27۔رمضان ماہِ غفران(عائض عبد اللہ القرنی)

28۔رہنمائے رمضان کیا کریں؟اور کیسے بنیں؟(محی الدین غازی)

29۔رمضان مبارک روح کی ترقی کا مہینہ(ڈاکٹر ام کلثوم)

30۔رمضان المبارک اور ہمارے اسلاف(اُم عبدِ منیب)

Comments