کامیاب زندگی(جلد پنجم) از خالد رحمٰن—ایک مطالعہ

      انسانی زندگی کی حقیقی خوب صورتی محض انفرادی کامیابیوں اور مادی آسودگی میں نہیں،بلکہ ایک پُرسکون گھر،مستحکم خاندانی نظام اور صالح معاشرتی اقدار میں پوشیدہ ہے۔گھر وہ پہلی درس گاہ ہے جہاں شخصیت کی آبیاری ہوتی،اخلاق و کردار کی بنیادیں استوار ہوتی ہیں اور زندگی کے آداب و اطوار پروان چڑھتے ہیں۔یہی گھر جب محبت،اعتماد،ایثار اور احساسِ ذمہ داری جیسے اوصاف سے مزیّن ہوتا ہے تو ایک صالح خاندان وجود میں آتا ہے اور ایسے ہی خاندان مل کر ایک مہذب اور پاکیزہ معاشرے کی تشکیل کرتے ہیں۔گویا گھر کی اصلاح خاندان کی تعمیر اور خاندان کا استحکام معاشرتی زندگی کی پائیداری کا بنیادی وسیلہ ہے۔

          دینِ اسلام ایک فطری،جامع اور ہمہ گیر نظامِ حیات ہے،جس نے انسانی زندگی کے انفرادی و اجتماعی،اخلاقی و معاشرتی اور خاندانی و تمدنی تمام پہلوؤں کے لیے روشن رہنمائی فراہم کی ہے۔بالخصوص خاندانی نظام کو انتشار،بے راہ روی اور اخلاقی بگاڑ سے محفوظ رکھنے کے لیے ایسے متوازن اصول و ضوابط عطا کیے ہیں جن کی اساس حقوق کی ادائیگی،فرائض کی پاس داری،باہمی احترام اور احساسِ ذمہ داری پر قائم ہے۔ان تعلیمات کا کامل اور عملی نمونہ رسولِ اکرمﷺ کی سیرتِ طیبہ میں جلوہ گر ہے۔لہٰذا ایک کامیاب اور خوش گوار خاندانی زندگی کی تشکیل اسی وقت ممکن ہے جب ہمارے گھریلو معاملات اور باہمی تعلقات اسوۂ نبویﷺ کی روشنی میں استوار ہوں۔
        خاندانی زندگی دراصل رشتوں،ذمہ داریوں اور باہمی حقوق و فرائض کا ایک وسیع نظام ہے۔میاں بیوی کا تعلق،والدین اور اولاد کے حقوق،عزیز و اقارب سے حسنِ سلوک اور دیگر معاشرتی روابط،سبھی اس نظام کے اہم اجزا ہیں۔ان رشتوں کی نزاکتوں کو سمجھنا،ان کے تقاضوں کو پورا کرنا اور باہمی اختلافات و پیچیدگیوں کو حکمت اور اعتدال سے سلجھانا ہی ایک مثالی گھرانے کی تشکیل کا راستہ ہموار کرتا ہے۔تاہم عصرِ حاضر کے بدلتے ہوئے حالات میں خاندانی نظام کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ایسے میں یہ سوال نہایت اہمیت اختیار کر جاتا ہے کہ رشتوں کی حرمت،باہمی اعتماد اور معاشرتی اقدار کو کس طرح محفوظ رکھا جائے اور خاندانی استحکام کے لیے کن اصولوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا جائے؟ بلاشبہ یہ ایسے بنیادی سوالات ہیں جن کے حوالے سے سنجیدہ فکری رہنمائی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ محسوس ہوتی ہے۔
         انہی معاشرتی تقاضوں اور فکری ضرورتوں کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے معروف مصنف خالد رحمن نے اپنی کتاب’’کامیاب زندگی‘‘ کی پانچویں جلد،بعنوان ’’گھر،گھرانہ اور اقدار کا تحفظ کیجئے‘‘میں خاندانی نظام کی اہمیت،اسے درپیش عصری چیلنجز اور ان سے عہدہ برآ ہونے کے عملی طریقوں کو نہایت جامع اور بصیرت افروز انداز میں موضوعِ بحث بنایا ہے۔مصنف نے اپنے علمی،تحقیقی اور دعوتی تجربے کی روشنی میں واضح کیا ہے کہ کامیابی کا حقیقی مفہوم محض انفرادی ترقی اور ظاہری آسودگی تک محدود نہیں،بلکہ ایک مضبوط،مربوط اور اسلامی اقدار سے آراستہ خاندان بھی اس کا لازمی حصہ ہے۔جس گھر کی فضا محبت و اعتماد سے محروم اور رشتوں کی بنیادیں کمزور ہوں،وہاں وسائل کی فراوانی بھی حقیقی مسرت و اطمینان کی ضمانت نہیں بن سکتی۔
         اس علمی و فکری کاوش کے پس منظر میں مصنف کا علمی و عملی تعارف بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔خالد رحمٰن پڑوس ملک کے معروف علمی و تحقیقی ادارے انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز،اسلام آباد کے چیئرمین ہیں۔انہیں تحقیق،تربیت اور انتظامی امور میں پینتیس سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے اور وہ چالیس سے زائد علمی و تحقیقی کتابوں کے مصنف و مؤلف ہیں۔مؤقر علمی جریدے ’’پالیسی پرسپیکٹیوز(policy perspectives)‘‘ کے مدیر ہونے کے ساتھ ساتھ ٹیلی ویژن،ریڈیو،قومی و بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اور مختلف علمی سیمیناروں کے ذریعے بھی اپنے افکار و خیالات پیش کرتے رہتے ہیں۔بحیثیتِ مربی،مختلف پیشہ ورانہ اداروں،جامعات اور نوجوانوں کی تنظیموں سے وابستہ افراد کی رہنمائی بھی ان کی علمی و دعوتی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔وقت کے مؤثر استعمال،قیادت،تعمیرِ شخصیت،ٹیم ورک اور ابلاغ جیسے موضوعات ان کی خصوصی دلچسپی کا محور ہیں۔اپنی علمی و تحقیقی مصروفیات کے سلسلے میں انہوں نے دنیا کے متعدد ممالک کے اسفار بھی کیے ہیں۔ان کا یہ وسیع تجربہ اور متنوع علمی پس منظر ان کی تحریروں میں وسعتِ نظر،فکری گہرائی اور عملی افادیت پیدا کرتا ہے۔
      زیرِ نظر جلد میں مصنف نے عصرِ حاضر کے ان معاشرتی تغیرات اور فکری رجحانات کو بھی پیشِ نظر رکھا ہے جنہوں نے خاندانی ڈھانچے کو متاثر کیا ہے۔مادہ پرستی کی بڑھتی ہوئی دوڑ،سوشل میڈیا کے غیر معمولی اثرات اور مغربی تہذیب کے زیرِ اثر بدلتے ہوئے معاشرتی رویّوں کے باعث رشتوں میں دوریاں،خاندانی ذمہ داریوں سے بے اعتنائی اور اقدار کے تسلسل میں کمزوری جیسے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ایسے ماحول میں گھر کو محض رہائش گاہ کے بجائے تربیت،سکون،اخلاقی نشوونما اور اسلامی اقدار کے تحفظ کا مرکز بنانا ناگزیر ہے۔مصنف نے خاندانی زندگی کے مختلف گوشوں اور باہمی تعلقات کی نزاکتوں کو اجاگر کرتے ہوئے یہ باور کرایا ہے کہ ایک صحت مند اور مستحکم گھرانے کی تشکیل کے لیے محض نیک خواہشات کافی نہیں،بلکہ شعور،حکمت،باہمی تعاون اور اسلامی تعلیمات کی عملی پیروی بھی ضروری ہے۔
         کتاب کا ظاہری پیکر بھی اپنے اندر ایک خوش ذوق سلیقہ مندی اور حسنِ ترتیب کا آئینہ دار ہے۔طباعت کی نفاست،کاغذ کا عمدہ معیار اور صفحات کی خوش وضع ترتیب اس کے حسنِ پیش کش کو مزید نکھارتی ہے۔اس دل کش اشاعتی معیار کے پس منظر میں ملت پبلشرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرز کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب محمد افضل لون صاحب کا جمالیاتی ذوق،باریک بینی اور معیار سے غیر معمولی وابستگی بھی نمایاں ہے،جو ان کی اشاعتی کاوشوں کو ایک الگ شناخت عطا کرتی ہے۔
         کتاب کی فکری و عملی اہمیت کا اندازہ اس امر سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اہلِ علم و دانش نے اسے عصرِ حاضر کے انسانی و معاشرتی مسائل کی اصلاح کے حوالے سے ایک قابلِ قدر کاوش قرار دیا ہے۔چنانچہ ڈاکٹر امجد ثاقب کتاب کے پس منظر اور اس کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے رقم طراز ہیں:
     ”آج کا انسان بظاہر ترقی یافتہ ہے،وسائل بے شمار ہیں،سہولتیں عام ہیں،لیکن دلوں میں سکون کم اور رشتوں میں گرمی کم تر ہوتی جا رہی ہے۔مغربی تہذیب کے زیر اثر خاندانی نظام کمزور ہو رہا ہے،نسلوں کے درمیان فاصلے بڑھ رہے ہیں اور اقدار کا تسلسل منقطع ہوتا محسوس ہوتا ہے۔ایسے ماحول میں یہ کتاب ایک فکری چراغ کی حیثیت رکھتی ہے۔“ (ص 19)
      اسی طرح پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال کتاب کے علمی و عملی پہلوؤں کو سراہتے ہوئے لکھتے ہیں:
     ”مصنف نے زندگی کے مختلف پہلوؤں—شخصیت سازی،تعلقات،مقصدِ حیات،محنت،نظم و ضبط اور اندرونی توازن—کو اس انداز سے بیان کیا ہے کہ قاری کو صرف معلومات ہی نہیں ملتیں بلکہ عمل کی تحریک بھی ملتی ہے۔یہ کتاب محض نظریات کا مجموعہ نہیں بلکہ ایسے قابلِ سیکھ ہنر پیش کرتی ہے جو انسان کو اپنی زندگی کو بہتر بنانے میں حقیقی مدد دیتے ہیں۔“(ص 21)
       زیرِ نظر جلد میں تقریباً ستر تحریری مضامین شامل ہیں،جن کی بنیاد روزمرہ زندگی میں پیش آنے والے مختلف واقعات،تجربات اور مشاہدات پر ہے۔ان میں بعض واقعات مصنف کے ذاتی تجربات و مشاہدات کا حاصل ہیں،کچھ ایسے ہیں جن سے ان کے قریبی احباب کو سابقہ پیش آیا اور انہوں نے اپنے احوال سے آگاہ کیا،جب کہ چند واقعات دنیا کے مختلف خطوں میں رونما ہوئے،جنہیں متعدد ذرائع سے جانچنے اور ان کی صحت کی تصدیق کے بعد قلم بند کیا گیا ہے۔اس طرح ان تحریروں میں ذاتی مشاہدات،دوسروں کے تجربات اور عالمی واقعات کا ایک دلچسپ امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے۔
         موضوعات کی وسعت اور ان کی بہتر تفہیم کے پیشِ نظر فاضل مصنف نے اس جلد کو چار مستقل حصوں میں تقسیم کیا ہے،جن میں سے ہر ایک انسانی زندگی اور خاندانی نظام کے کسی نہ کسی اہم پہلو کو اپنے دامن میں سمیٹے ہوئے ہے۔
      کتاب کا پہلا حصہ’’ماں،باپ،بچے اور ان کے بچے‘‘خاندانی زندگی کے ان متنوع پہلوؤں کو سامنے لاتا ہے جو والدین،اولاد اور آنے والی نسلوں کے باہمی تعلقات سے عبارت ہیں۔اس حصے میں شامل واقعات کسی خاص ترتیب کے پابند نہیں،بلکہ ہر واقعہ اپنی جگہ زندگی کے ایک الگ تجربے اور انسانی جذبات و احساسات کی مختلف کیفیات کا ترجمان ہے۔کہیں محبت و شفقت کے خوش گوار مناظر دکھائی دیتے ہیں،کہیں اختلافات اور تلخ رویّوں کی جھلک ملتی ہے،تو کہیں ایسے حالات سامنے آتے ہیں جو قاری کو اپنے طرزِ عمل پر غور کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔
      ان واقعات کے ذریعے مصنف اس حقیقت کو نمایاں کرتے ہیں کہ خاندان محض معاشرتی زندگی کی ایک بنیادی اکائی نہیں،بلکہ شخصیت سازی اور کردار کی تعمیر کا اولین مرکز بھی ہے۔انسان کی سوچ،عادات،اخلاق اور طرزِ زندگی پر گھریلو ماحول اور والدین کے رویّوں کے گہرے نقوش مرتب ہوتے ہیں۔بچے اپنے بڑوں کے قول و عمل سے بہت کچھ سیکھتے ہیں اور یہی اثرات رفتہ رفتہ ان کی شخصیت کا حصہ بن جاتے ہیں۔چنانچہ والدین کی ذمہ داری صرف اولاد کی پرورش تک محدود نہیں رہتی،بلکہ اپنے کردار اور طرزِ عمل سے ان کے لیے ایک صالح،محبت آمیز اور خوش گوار ماحول فراہم کرنا بھی ان کے فرائض میں شامل ہے۔
         دوسری طرف اولاد کی پرورش اور اس کے مختلف تربیتی مراحل والدین کے لیے بھی نئے تجربات اور آزمائشوں کا سامان بنتے ہیں۔کبھی یہ لمحات خوشیوں اور مسرتوں سے ہم کنار کرتے ہیں،تو کبھی صبر،تحمل اور فہم و فراست کا امتحان لیتے ہیں۔اس طرح والدین اور اولاد کا رشتہ محض ایک فطری تعلق نہیں رہتا،بلکہ ایک دوسرے کی شخصیت پر اثر انداز ہونے اور زندگی کے مختلف اسباق سیکھنے کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔
     اس حصے کے بیس سے زائد واقعات اسی خاندانی زندگی کی مختلف جہتوں کی عکاسی کرتے ہیں اور یہ احساس دلاتے ہیں کہ رشتوں کا احترام،باہمی محبت،والدین کی ذمہ داریوں کا احساس اور نسلوں کی درست تربیت ہی ایک مضبوط خاندان کی اصل بنیادیں ہیں۔جب یہ اقدار گھر کے ماحول میں پروان چڑھتی ہیں تو ان کے مثبت اثرات آنے والی نسلوں تک منتقل ہوتے رہتے ہیں۔
        دوسرا حصہ پیشہ ورانہ زندگی میں انسانی رویّوں اور اخلاقی اقدار کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔مصنف نے اس موضوع کو محض دفتری معاملات اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں تک محدود نہیں رکھا،بلکہ اس بنیادی حقیقت کی طرف توجہ دلائی ہے کہ انسان کے اخلاق و کردار کی تشکیل کا آغاز گھر اور خاندان ہی سے ہوتا ہے۔گھریلو ماحول میں پروان چڑھنے والی دیانت داری،ایثار،احساسِ ذمہ داری اور باہمی اعتماد کی قدریں آگے چل کر اس کے پیشہ ورانہ طرزِ عمل میں بھی نمایاں ہوتی ہیں۔
          اگرچہ پیشہ ورانہ زندگی میں لین دین،مالی معاوضے اور ذاتی مفادات کو خاص اہمیت حاصل ہوتی ہے،لیکن اس کی حقیقی کامیابی صرف مادی منفعت کے حصول میں نہیں،بلکہ اخلاص،امانت داری اور دوسروں کے حقوق کی پاس داری میں مضمر ہے۔بالخصوص طب جیسے حساس شعبے میں جب ذاتی مفاد کو انسانی ہمدردی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری پر ترجیح دی جانے لگے تو اس کے نتائج نہایت سنگین ہو سکتے ہیں۔
       اسی تناظر میں مصنف نے منتخب واقعات کے ذریعے واضح کیا ہے کہ قوانین اور ضابطے انسان کو کسی حد تک پابند ضرور کر سکتے ہیں،لیکن حقیقی اخلاقی شعور محض قانونی پابندیوں سے پیدا نہیں ہوتا،اس کی جڑیں کردار سازی اور خاندانی تربیت میں پیوست ہوتی ہیں۔یوں یہ حصہ اس حقیقت کو نمایاں کرتا ہے کہ پیشہ ورانہ زندگی میں دیانت و امانت کا مظاہرہ دراصل ان اخلاقی بنیادوں کا تسلسل ہے جو انسان اپنے گھر سے لے کر چلتا ہے۔
        تیسرا حصہ”انسانی رویّے اور زندگی کے زاویۂ نظر۔کوئی کام آپ کیوں کرتے ہیں؟“ کے عنوان سے ہے۔اس حصے میں مصنف انسانی رویّوں کی تشکیل اور ان کے پسِ پشت کارفرما محرکات کو موضوعِ بحث بناتے ہیں۔زندگی میں انسان کو قدم قدم پر مختلف حالات،آزمائشوں اور فیصلوں سے سابقہ پیش آتا ہے،مگر ہر شخص ان کا سامنا اپنے مخصوص زاویۂ نظر اور فکری رجحان کے مطابق کرتا ہے۔کوئی مشکل ترین حالات میں بھی اصولوں کا دامن تھامے رکھتا ہے،تو کوئی وقتی مصلحت یا ذاتی مفاد کے تحت اپنے رویّے تبدیل کر لیتا ہے۔یہی فرق انسان کی تربیت،فکری ساخت اور ان اقدار کا آئینہ دار ہوتا ہے جن کی روشنی میں وہ اپنی زندگی کے فیصلے کرتا ہے۔
       مصنف ان واقعات کے ذریعے واضح کرتے ہیں کہ انسانی کردار صرف ظاہری اعمال سے عبارت نہیں،بلکہ اس کے پیچھے ایک مخصوص فکری نظام اور اقدار کا پورا سرمایہ کارفرما ہوتا ہے۔کسی کام کو اختیار کرنے یا اس سے گریز کرنے کا فیصلہ بڑی حد تک اسی ذہنی سانچے سے جنم لیتا ہے جو انسان کو ابتدائی عمر میں گھر اور خاندان کی تربیت سے میسر آتا ہے۔بعد ازاں زندگی کے تجربات،مختلف تعلقات اور بدلتے ہوئے معاشرتی حالات اس سوچ کو کبھی مزید پختگی عطا کرتے ہیں تو کبھی اس کی بنیادوں کو کمزور کر دیتے ہیں۔
      اس باب میں پیش کیے گئے واقعات انسانی فکر و عمل کی اسی کشمکش کو مختلف زاویوں سے نمایاں کرتے ہیں۔کہیں مثبت رویّوں اور اخلاقی استقامت کی جھلک دکھائی دیتی ہے،تو کہیں کردار کی کمزوری اور نامناسب طرزِ عمل کے اسباب سامنے آتے ہیں۔اس طرح مصنف قاری کو محض واقعات سے آگاہ نہیں کرتے،بلکہ اسے اپنے اعمال کے محرکات پہچاننے اور اپنی سوچ و کردار کا جائزہ لینے کی دعوت بھی دیتے ہیں۔
       چوتھا حصہ”کوئی تو ہے جو نظامِ ہستی چلا رہا ہے“ کے عنوان سے ہے۔یہ حصہ ایک ایسے بنیادی سوال کو موضوع بناتا ہے جو انسانی فکر و شعور کی اساس سے تعلق رکھتا ہے یعنی اس کائنات کا خالق کون ہے اور اس وسیع و عریض نظام کو کون چلا رہا ہے؟ مصنف اس حصے میں تصورِ حیات،تصورِ کائنات اور خالقِ کائنات پر ایمان و یقین کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ انسان کا اپنے وجود،کائنات اور اس کے خالق کے بارے میں تصور ہی اس کے فکری رجحانات اور طرزِ زندگی کی سمت متعین کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
       مصنف اس امر کی طرف متوجہ کرتے ہیں کہ خالقِ کائنات کی معرفت اور اس پر ایمان کی ابتدائی بنیاد عموماً گھر اور خاندان کے ماحول میں پڑتی ہے۔بچپن میں حاصل ہونے والی دینی و فکری تربیت انسان کے دل و دماغ میں ایسے نقوش ثبت کرتی ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید گہرے اور مستحکم ہوتے جاتے ہیں۔یہی ایمانی شعور اسے زندگی کے مختلف حالات اور غیر معمولی واقعات کو ایک مخصوص فکری و اعتقادی تناظر میں سمجھنے میں مدد دیتا ہے،جس سے اس کے یقین کو مزید تقویت ملتی ہے۔
         تاہم معرفتِ الٰہی تک پہنچنے کے اسباب ہر انسان کے لیے یکساں نہیں ہوتے۔بعض اوقات زندگی کے کسی اہم موڑ پر پیش آنے والا واقعہ،کوئی غیر معمولی تجربہ یا اپنے وجود اور کائنات پر سنجیدہ غور و فکر انسان کو حقیقتِ زندگی کی تلاش پر آمادہ کر دیتا ہے۔یہی جستجو اسے اس حقیقت سے آشنا کرتی ہے کہ اس کائنات کا ہر ذرہ ایک منظم نظام کا حصہ ہے اور اس پورے نظام کے پیچھے ایک قادرِ مطلق ہستی کی قدرت،حکمت اور تدبیر کارفرما ہے۔
         اس آخری حصے میں مصنف نے ایسے منتخب واقعات پیش کیے ہیں جو اہلِ ایمان کے یقین و اعتماد کو تازگی بخشتے ہیں،جب کہ ایمان سے محروم افراد کے لیے غور و فکر اور حقیقت کی جستجو کے نئے دریچے وا کرتے ہیں۔اس اعتبار سے یہ حصہ محض واقعات کا مجموعہ نہیں،بلکہ انسان کو اپنے وجود،کائنات کی وسعتوں اور اپنے خالق و مالک کی معرفت پر سنجیدگی سے غور کرنے کی دعوت دیتا ہے۔
         الغرض خالد رحمٰن کی پانچویں جلد’’گھر،گھرانہ اور اقدار کا تحفظ کیجئے‘‘ایک فکر انگیز،بصیرت افروز اور اصلاحی تصنیف ہے،جس میں خاندانی زندگی،انسانی تعلقات،پیشہ ورانہ اخلاقیات،کردار سازی اور ایمانی شعور جیسے اہم موضوعات کو روزمرہ زندگی کے منتخب واقعات کے ذریعے نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔اس کتاب کی نمایاں خوبی یہ ہے کہ یہ قاری کو محض معلومات فراہم کرنے کے بجائے اپنی سوچ،رویّوں اور طرزِ زندگی کا محاسبہ کرنے اور مثبت تبدیلی کی راہ اختیار کرنے کی تحریک دیتی ہے۔بلاشبہ یہ کتاب والدین،اساتذہ،نوجوانوں اور معاشرے کے ہر باشعور فرد کے لیے ایک مفید علمی و اصلاحی سرمایہ ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کے پیغام کو محض مطالعے تک محدود نہ رکھا جائے،بلکہ اسے عملی زندگی میں جگہ دے کر اپنے گھروں کو محبت و اعتماد،اپنے رشتوں کو حسنِ سلوک اور اپنے معاشرے کو اسلامی اقدار کا حقیقی آئینہ بنایا جائے۔
______________________________________
نام کتاب:کامیاب زندگی(جلد پنجم)
مصنف:خالد رحمٰن
صفحات:274
قیمت:486
ناشر:ملّت پبلشرز اینڈ ڈسٹریبوٹرس
کتاب حاصل کرنے کے لیے رابطہ نمبر:9419561922

Comments