حدیث کی اہمیت اور ضرورت از پروفیسر خلیل الرحمٰن چشتی—ایک مطالعہ

            دینِ اسلام کی اساس اور اس کا پورا نظامِ حیات اللّٰہ تعالیٰ کی نازل کردہ وحی پر قائم ہے،جس کے دو بنیادی سرچشمے قرآنِ مجید اور سنتِ رسولﷺ ہیں۔قرآن اللّٰہ تعالیٰ کا کلام اور وحیِ متلو ہے،جب کہ سنتِ نبویﷺ وحیِ غیر متلو کی حیثیت رکھتی ہے۔یہ دونوں ایک دوسرے سے اس قدر مربوط ہیں کہ سنت سے بے نیاز ہو کر قرآن کے حقیقی مفاہیم اور اس کے احکام کی عملی صورت کو سمجھنا ممکن نہیں۔قرآنِ کریم نے رسول اللّٰہﷺ کے منصبِ تشریح و تبیین کو واضح کرتے ہوئے فرمایا:
وَاَنْزَلْنَاۤ اِلَيْكَ الذِّكْرَ لِتُبَيِّنَ لِلنَّاسِ مَا نُزِّلَ اِلَيْهِمْ وَلَعَلَّهُمْ يَتَفَكَّرُوْنَ۔(النحل:44)
’’اور ہم نے آپ کی طرف یہ ذکر نازل کیا ہے تاکہ آپ لوگوں کے سامنے اس تعلیم کی وضاحت کر دیں جو ان کے لیے اتاری گئی ہے،اور تاکہ وہ غور و فکر کریں۔‘‘
      گویا رسول اللّٰہﷺ کی ذاتِ اقدس قرآنِ مجید کی عملی تفسیر اور آپ کی سنت اس کے احکام کی روشن تعبیر ہے۔اسی حقیقت کو آپﷺ نے ان الفاظ میں واضح فرمایا:
 أَلَا إِنِّي أُوتِيتُ الْكِتَابَ وَمِثْلَهُ مَعَهُ۔(ابوداؤد:4604)
   ”سنو،مجھے کتاب(قرآن)دی گئی ہے اور اس کے ساتھ اسی کے مثل ایک اور چیز بھی(یعنی سنت)۔“
        یہ ارشادِ نبویﷺ سنت کی مستقل شرعی حیثیت اور دین میں اس کی ناگزیر اہمیت کو نمایاں کرتا ہے۔چنانچہ قرآن و سنت کو ایک دوسرے سے جدا کر کے دین کو سمجھنے کی کوشش درحقیقت اس کے بنیادی ماخذ سے محرومی کا راستہ ہموار کرتی ہے۔
       افسوس کہ عصرِ حاضر میں حدیثِ نبویﷺ کے حوالے سے دو متضاد رویے نمایاں ہیں۔ایک طرف علمِ حدیث اور اصولِ روایت سے ناواقفیت کے باعث ہر منسوب قول کو بلا تحقیق حدیث تسلیم کر لیا جاتا ہے،تو دوسری طرف بعض حلقے مستند احادیث کو بھی اپنی محدود عقل اور مخصوص فکری نظریات کے پیمانے پر پرکھتے ہوئے ان کی حجیت سے انکار پر اتر آتے ہیں۔انکارِ حدیث کا یہ رجحان محض ایک علمی اختلاف نہیں،بلکہ اس کے پس منظر میں مغربی مادیت،اشتراکی افکار اور مختلف فکری و تہذیبی اثرات بھی کارفرما رہے ہیں۔یوں احادیثِ نبویہ،بالخصوص صحیح بخاری و صحیح مسلم کی مستند روایات کو مشکوک بنانے کی کوششیں بھی سامنے آتی رہی ہیں۔
         ایسے پُرفتن ماحول میں جب انکارِ حدیث کی یلغار ہو،احادیثِ مبارکہ کی حجیت و مقام پر شکوک و شبہات پھیلائے جا رہے ہوں اور منکرینِ حدیث کے حلقے وسعت اختیار کر رہے ہوں،علمِ حدیث کی اہمیت،اس کے اصول و ضوابط اور محدثینِ عظام کے مرتب کردہ معیارِ تحقیق سے واقفیت پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو جاتی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ نہ تو ہر منسوب روایت کو بلا تحقیق قبول کیا جائے اور نہ ہی اپنی ناقص عقل کے بل پر مستند احادیث کو رد کردیا جائے،بلکہ علم و تحقیق کے مسلمہ اصولوں کی روشنی میں سنتِ رسولﷺ کا مطالعہ کیا جائے۔ایسی کتابیں محض الماریوں کی زینت بننے کے لیے نہیں،بلکہ فتنۂ انکارِ حدیث کے اس دور میں شعور و آگہی کی شمعیں روشن کرنے کے لیے منظرِ عام پر آنی چاہییں۔
         اسی علمی و فکری ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے معروف محقق اور صاحبِ قلم پروفیسر خلیل الرحمٰن چشتی نے اپنی وقیع تصنیف’’حدیث کی اہمیت اور ضرورت‘‘میں علمِ حدیث کے مختلف گوشوں کو نہایت منظم،سائنسی اور سہل انداز میں پیش کیا ہے۔اس کتاب کا مقصد محض حدیث کی اہمیت اجاگر کرنا نہیں،بلکہ تعلیم یافتہ طبقے کو حدیث،تاریخ و تدوینِ حدیث،اصطلاحات،کتبِ حدیث اور متعلقہ علوم کی بنیادی واقفیت فراہم کرنا بھی ہے۔مصنف نے طلبہ کی سہولت کے لیے متعدد چارٹس سے استفادہ کیا ہے،تاکہ دقیق علمی اصطلاحات کو سمجھنا اور ذہن نشین کرنا آسان ہو جائے۔بالخصوص اس کا مطمحِ نظر یہ ہے کہ امتِ مسلمہ کا باشعور طبقہ افراط و تفریط سے محفوظ رہتے ہوئے علمی و فکری دلائل سے آراستہ ہو اور دین کے تحفظ و سربلندی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کر سکے۔
       کتاب کی ایک نمایاں خوبی یہ ہے کہ مصنف نے موضوع کو محض نظری مباحث تک محدود نہیں رکھا،بلکہ بنیادی تصورات سے لے کر علمِ حدیث کی دقیق اصطلاحات اور تحقیقی مباحث تک ایک مربوط علمی سفر ترتیب دیا ہے۔آئیے،اب اس کے ابواب کی ترتیب اور ان میں سموئے گئے علمی مباحث کا جائزہ لیتے ہیں،تاکہ اندازہ ہو سکے کہ مصنف نے علمِ حدیث کے اس وسیع اور اہم میدان کو کس خوبی سے قارئین کے لیے قابلِ فہم بنایا ہے۔
         کتاب کا پہلا باب”حدیث کی اہمیت اور اُس کا دائرۂ کار“ کے عنوان سے ہے،جو دراصل پوری کتاب کے بنیادی موضوع اور مصنف کے علمی نقطۂ نظر کی ترجمانی کرتا ہے۔اس باب میں فاضل مصنف نے نہایت وضاحت اور استدلال کے ساتھ یہ حقیقت اجاگر کی ہے کہ حدیث و سنت محض چند انفرادی عبادات یا شخصی زندگی کے آداب تک محدود نہیں،بلکہ اسلامی تعلیمات کا ایک وسیع اور ہمہ گیر سرچشمہ ہے،جو انسان کی انفرادی زندگی سے لے کر اجتماعی نظام،قانون،معاشرت اور ریاستی امور تک ہر شعبۂ حیات میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
         مصنف ابتدا میں اسلام کا ایک جامع تعارف پیش کرتے ہوئے انفرادی اور اجتماعی سنتوں کی اہمیت واضح کرتے ہیں اور اس حقیقت کی طرف متوجہ کرتے ہیں کہ اجتماعی زندگی کی اصلاح اور اجتماعی سنتوں کی ترویج کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔بعد ازاں حلال و حرام کے تعین میں سنتِ نبویﷺ کے مقام کو مختلف عملی مثالوں سے واضح کیا گیا ہے۔چنانچہ کم نشہ آور اشیا کی حرمت اور مردوں کے لیے ریشم و سونے کی ممانعت جیسے مسائل کے ذریعے یہ باور کرایا گیا ہے کہ شرعی احکام کی تفہیم اور عملی تطبیق میں حدیث و سنت بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔
          باب کا ایک اہم اور قابلِ توجہ حصہ اسلامی قانون اور نظامِ عدل میں سنت کے کردار سے متعلق ہے،جہاں قانونِ تعزیرات،ضروریاتِ خمسہ(مقاصدِ شریعت) اور اسلامی سزاؤں کے تناظر میں احادیث کی رہنمائی کو نمایاں کیا گیا ہے۔اسی طرح سنتِ نبویﷺ کی آئینی حیثیت اور معاشرتی زندگی میں اس کے مقام پر گفتگو کرتے ہوئے مصنف واضح کرتے ہیں کہ سنت کو محض ذاتی عقیدت یا انفرادی عمل کا موضوع سمجھنا اس کے حقیقی دائرۂ کار کو محدود کرنے کے مترادف ہے۔یوں یہ باب قاری کے سامنے اس حقیقت کو پوری قوت سے آشکار کرتا ہے کہ حدیث و سنت اسلامی نظامِ حیات کی اساس اور اس کے عملی نفاذ کا ناگزیر ذریعہ ہے۔
      دوسرا باب”رسول اللّٰہﷺ کی سنت میں توازن اور اعتدال لازمی ہے“ کے عنوان سے ہے،جس میں مصنف نے اتباعِ سنت کے ایک نہایت اہم پہلو،یعنی توازن و اعتدال کو موضوعِ بحث بنایا ہے۔وہ واضح کرتے ہیں کہ سنتِ نبویﷺ کی پیروی کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ زندگی کے ہر معاملے میں حقوق و فرائض کا توازن برقرار رکھا جائے اور ہر صاحبِ حق کو اس کا حق دیا جائے۔اسی طرح سنتوں پر عمل کرتے ہوئے اصولِ خمسہ کو پیشِ نظر رکھنے،شریعت کی عطا کردہ رخصتوں سے فائدہ اٹھانے اور دین میں غیر ضروری تشدد و غلو سے بچنے کی تلقین کی گئی ہے۔بالخصوص یہ تنبیہ نہایت قابلِ توجہ ہے کہ رسول اللّٰہﷺ سے بڑھ کر متقی بننے کی کوشش دراصل دینی مزاج اور نبوی اسوہ کو سمجھنے میں عدمِ توازن کی علامت ہے۔گویا یہ باب قاری کو سکھاتا ہے کہ اتباعِ سنت کا حسن افراط و تفریط میں نہیں،بلکہ اعتدال،حکمت اور اسوۂ رسولﷺ کی حقیقی پیروی میں پوشیدہ ہے۔
      تیسرا باب ”حدیث اور قرآن کے باہمی تعلق کی مختلف صورتیں“ کے عنوان سے ہے،جس میں مصنف نے قرآنِ مجید اور حدیثِ نبویﷺ کے باہمی ربط اور قرآن فہمی میں سنت کی ناگزیر اہمیت کو واضح کیا ہے۔وہ قرآن کو سمجھنے کے مستند ذرائع کی نشان دہی کرتے ہوئے قرآن فہمی کے مختلف طریقوں،اس راہ میں حائل دو بڑی رکاوٹوں اور غیر مستند ذرائع کے نقصانات پر بھی روشنی ڈالتے ہیں۔اس بحث کے ذریعے مصنف یہ حقیقت ذہن نشین کراتے ہیں کہ قرآنِ کریم کو صحیح طور پر سمجھنے کے لیے محض ذاتی فہم و رائے کافی نہیں،بلکہ رسول اللّٰہﷺ کی تشریحات،مستند احادیث اور معتبر علمی ذرائع سے رہنمائی حاصل کرنا ضروری ہے۔گویا یہ باب قاری کو قرآن فہمی کے صحیح منہج سے روشناس کراتے ہوئے کتاب و سنت کے لازوال تعلق کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔
        چوتھے باب ”حدیت اور کتابتِ حدیث“ کے عنوان سے ہے،جس میں مصنف نے حدیث و سنت کے مفہوم اور ان کی کتابت سے متعلق نہایت اہم اور علمی مباحث کو سلیقے سے پیش کیا ہے۔وہ پہلے حدیث اور سنت کے مختلف معانی نیز سنت کے فقہی مفہوم کو واضح کرتے ہیں،تاکہ قارئین ان دونوں اصطلاحات کی حقیقت اور باہمی نسبت سے بخوبی واقف ہو سکیں۔اس کے بعد کتابتِ حدیث کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے رسول اللّٰہﷺ کے ابتدائی حکمِ ممانعت اور بعد کے آخری حکم کے تناظر میں اس اہم سوال کا مدلل جواب دیتے ہیں کہ ابتدا میں احادیث لکھنے سے کیوں منع فرمایا گیا تھا؟ یوں یہ باب حدیث کی حفاظت،تدوین اور کتابت کے حوالے سے پائے جانے والے کئی اہم اشکالات کو رفع کرتے ہوئے قارئین کے علم و فہم میں قابلِ قدر اضافہ کرتا ہے۔
       پانچویں باب”نوعیت کے اعتبار سے حدیث کی قسمیں“ کے عنوان سے ہے،جس میں مصنف نے نوعیت کے اعتبار سے احادیث کی تین بنیادی اقسام،یعنی حدیثِ قولی،حدیثِ فعلی اور حدیثِ تقریری کو نہایت سادہ اور علمی انداز میں واضح کیا ہے۔وہ بتاتے ہیں کہ رسول اللّٰہﷺ کے ارشادات،آپ کے اعمال و افعال اور صحابۂ کرامؓ کے ایسے اقوال و اعمال جنہیں آپﷺ نے دیکھ کر برقرار رکھا یا ان کی تائید فرمائی،سب حدیث و سنت کے مستند مآخذ میں شامل ہیں۔اس طرح یہ باب قارئین کو حدیث کی مختلف صورتوں سے روشناس کراتے ہوئے اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ سنتِ نبویﷺ صرف آپ کے ارشادات ہی تک محدود نہیں،بلکہ آپ کی پوری عملی زندگی بھی امت کے لیے ایک روشن نمونہ اور قابلِ اتباع رہنمائی ہے۔
        چھٹا باب”روایت،درایت،سند،متن اور علم الاسناد“ کے عنوان سے ہے،جس میں مصنف نے علمِ حدیث کے چند بنیادی اور نہایت اہم مباحث،یعنی روایت،درایت،سند،متن اور علمُ الاسناد پر روشنی ڈالی ہے۔وہ حدیث کے دو بنیادی اجزائے ترکیبی،سند اور متن کی وضاحت کرتے ہوئے علمُ الاسناد کی اہمیت و افادیت کو نمایاں کرتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ محدثین نے احادیث کی صحت و تحقیق کے لیے کس قدر دقیق اور غیر معمولی علمی محنت کی ہے۔مختلف شہروں کی سندوں اور ایک ہی متن کی اٹھائیس(28)مختلف احادیث کی مثال کے ذریعے مصنف اس فن کی وسعت،باریک بینی اور محدثین کے غیر معمولی تحقیقی ذوق کو دل نشیں انداز میں اجاگر کرتے ہیں۔یوں یہ باب قارئین کو حدیث کی جانچ،پرکھ اور حفاظت کے مستند علمی منہج سے روشناس کراتا ہے۔
         ساتویں باب”آٹھ صحابہؓ کے شجرہ ہائے روایت“ کے عنوان سے ہے،جس میں مصنف نے علمِ حدیث کے ایک نہایت اہم اور دلچسپ گوشے،یعنی آٹھ جلیل القدر صحابۂ کرامؓ کے شجرہ ہائے روایت کو موضوعِ بحث بنایا ہے۔اس باب میں حضرت ابوہریرہؓ،حضرت عبد اللّٰہ بن عمرؓ،حضرت انس بن مالکؓ،ام المؤمنین حضرت عائشہؓ،حضرت عبد اللّٰہ بن عباسؓ،حضرت جابر بن عبد اللّٰہ انصاریؓ،حضرت ابو سعید خدریؓ اور حضرت عبد اللّٰہ بن مسعودؓ کے تلامذہ اور ان کے ذریعے آگے منتقل ہونے والی روایات کا تعارف پیش کیا گیا ہے۔بالخصوص اَصَحُّ الاسانید کا چارٹ اس باب کی اہمیت کو مزید نمایاں کرتا ہے۔اس علمی کاوش کے ذریعے مصنف نے واضح کیا ہے کہ احادیثِ نبویہﷺ کس طرح صحابۂ کرامؓ سے تابعین اور پھر بعد کے محدثین تک سنداً منتقل ہوئیں اور اس عظیم علمی ورثے کی حفاظت میں ہر راوی نے اپنا کردار ادا کیا۔گویا یہ باب محض راویوں کے ناموں کا تعارف نہیں،بلکہ حدیثِ نبویﷺ کے محفوظ اور مستند سفر کی ایک مختصر مگر قابلِ قدر جھلک پیش کرتا ہے۔
       آٹھویں باب”تَعَّدُّدِ طُرُق کے اعتبار سے حدیث کی قسمیں“ کے عنوان سے ہے،جس میں مصنف نے تعدادِ طرق کے اعتبار سے احادیث کی اقسام کو نہایت وضاحت اور علمی ترتیب کے ساتھ پیش کیا ہے۔اس ضمن میں پہلے اخبارِ متواترہ اور اخبارِ آحاد کا تعارف کراتے ہوئے ان کے بنیادی فرق کو واضح کیا ہے،پھر اخبارِ آحاد کی تین اہم اقسام،یعنی حدیثِ مشہور،حدیثِ عزیز اور حدیثِ غریب کی تعریف،امتیازی خصوصیات اور علمی حیثیت پر روشنی ڈالی ہے۔اس بحث کو چارٹ کے ذریعے مزید سہل اور قابلِ فہم بنا دیا گیا ہے،تاکہ قارئین علمِ حدیث کی اس اہم تقسیم کو نہ صرف سمجھ سکیں بلکہ اس کے باہمی فرق کو بھی بہ آسانی ذہن نشین کر سکیں۔یوں یہ باب اصطلاحاتِ حدیث سے شناسائی کے ساتھ ساتھ روایت کے مختلف مراتب کو سمجھنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
         نویں باب”نسبت کے اعتبار سے حدیث کی قسم“ کے عنوان سے ہے،جس میں مصنف نے نسبتِ روایت کے اعتبار سے احادیث کی مختلف اقسام کا تعارف پیش کیا ہے۔اس سلسلے میں حدیثِ قدسی،مرفوع،مرسل،منقطع،معضل،موقوف اور مقطوع کی تعریفات اور ان کے مابین بنیادی امتیازات کو واضح کیا ہے،تاکہ قارئین یہ سمجھ سکیں کہ کسی روایت کی نسبت اللّٰہ تعالیٰ،رسول اللہﷺ،صحابۂ کرامؓ یا تابعین میں سے کس کی طرف ہے اور اس کی سند کی نوعیت کیا ہے۔یہ باب علمِ حدیث کی اہم اصطلاحات سے واقفیت پیدا کرنے اور روایات کی نسبت و نوعیت کو درست طور پر سمجھنے میں نہایت معاون ہے۔
      دسویں باب”نسبت کے اعتبار سے حدیث کی تقسیم“ کے عنوان سے ہے،جس میں مصنف نے قبولیت و عدمِ قبولیت کے اعتبار سے احادیث کی اقسام پر ایک نہایت اہم اور علمی بحث پیش کی ہے۔اس ضمن میں مقبول و مردود احادیث،حدیثِ صحیح اور حدیثِ حسن کے معیارات،نیز شذوذ اور علّت جیسے دقیق مباحث کو واضح کیا ہے۔مزید برآں صحیح لذاتہ،حسن لذاتہ،صحیح لغیرہ اور حسن لغیرہ کی وضاحت کے ساتھ محکم الحدیث اور مختلف الحدیث کے فرق،بظاہر متعارض صحیح روایات میں تطبیق،ناسخ و منسوخ،راجح و مرجوح اور توقف کے اصولوں پر روشنی ڈالی ہے۔باب کے اختتام پر فقہ الحدیث کا تذکرہ کرتے ہوئے یہ حقیقت اجاگر کی ہے کہ حدیث کا علم محض روایت کے الفاظ و اسناد تک محدود نہیں،بلکہ اس کے صحیح مفہوم،مقصد اور عملی رہنمائی کو سمجھنا بھی ناگزیر ہے۔یوں یہ باب قارئین کو احادیث کی صحت و قبولیت پرکھنے اور ان سے درست فہم و استنباط حاصل کرنے کا سلیقہ عطا کرتا ہے۔
       گیارھویں باب”احادیثِ ضعیفہ“ کے عنوان سے ہے،جس میں مصنف نے احادیثِ ضعیفہ کی مختلف اقسام،ان کے اسبابِ ضعف اور ان سے متعلق اہم اصطلاحات کو مختصر مگر جامع انداز میں واضح کیا ہے۔سند میں راوی کے ساقط ہونے،راوی کی کمزوری یا ثقہ راویوں سے اختلاف کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ضعف کی مختلف صورتوں،مثلاً معلّق،مرسل،منقطع،معلّل،منکر، متروک، موضوع اور شاذ وغیرہ کا تعارف پیش کیا ہے۔
      مزید برآں،ضعیف احادیث پر فضائلِ اعمال میں عمل کرنے کے مسئلے پر مختلف اہلِ علم،بالخصوص ڈاکٹر صبحی صالح اور ڈاکٹر یوسف القرضاوی کی آرا بیان کرتے ہوئے اسلام کے مستند اور ناقابلِ اعتماد مآخذ کی نشان دہی کی ہے۔گویا یہ باب قاری کو اس اہم علمی شعور سے آراستہ کرتا ہے کہ ہر منقول روایت قابلِ قبول نہیں،بلکہ حدیث کی صحت و حیثیت کی تحقیق دین کی حفاظت اور سنتِ نبویﷺ کی درست تفہیم کے لیے ناگزیر ہے۔
          بارہویں باب”اَحادیثِ موضوعہ(جھوٹی حدیثیں) کے عنوان سے ہے،جس میں مصنف نے ان من گھڑت روایات کا تعارف پیش کیا ہے جنہیں جھوٹے طور پر رسول اللّٰہﷺ کی طرف منسوب کیا گیا۔احادیث گھڑنے والوں کے لیے وارد ہونے والی سخت وعید،وضعِ حدیث کے اسباب و محرکات،چند مشہور واضعینِ حدیث اور ان کی پھیلائی ہوئی جھوٹی روایات کی مثالوں کے ذریعے اس سنگین علمی و دینی جرم کی حقیقت واضح کی ہے۔گویا مصنف یہ احساس بیدار کرتے ہیں کہ رسول اللّٰہﷺ کی طرف کسی غیر ثابت شدہ بات کو منسوب کرنا معمولی لغزش نہیں،بلکہ دین کے ساتھ ایک بڑی خیانت ہے،اس لیے ہر مسلمان کو احادیث بیان کرنے اور قبول کرنے میں غیر معمولی احتیاط اور تحقیق سے کام لینا چاہیے۔
       تیرہویں باب”صحت کے اعتبار سے کتبِ حدیث کے طبقات“ کے عنوان سے ہے،جس میں مصنف نے کتبِ حدیث کا ایک جامع اور تحقیقی تعارف پیش کرتے ہوئے صحت و ثقاہت کے اعتبار سے ان کے مختلف مراتب واضح کیے ہیں۔ابتدا میں کتبِ حدیث کی اقسام اور ان کی علمی حیثیت پر روشنی ڈالی گئی ہے،پھر امام بخاریؒ اور ان کی شہرۂ آفاق تصنیف صحیح بخاری،امام مسلمؒ اور صحیح مسلم،امام مالکؒ اور موطأ امام مالک کا تعارف پیش کیا گیا ہے۔اس کے بعد سنن نسائی،سنن ترمذی،سنن ابی داؤد اور سنن ابن ماجہ سمیت دیگر اہم کتبِ حدیث کا ذکر کرتے ہوئے ان کے مقام و مرتبے کو واضح کیا گیا ہے۔بالخصوص صحیح احادیث کے باہمی مراتب اور درجات کی وضاحت اس باب کو مزید اہمیت عطا کرتی ہے۔گویا مصنف نے اس بحث کے ذریعے قارئین کو یہ بصیرت فراہم کی ہے کہ تمام کتبِ حدیث یکساں درجۂ صحت کی حامل نہیں،بلکہ ہر کتاب کی اپنی علمی قدر و منزلت اور تحقیقی حیثیت ہے۔یوں یہ باب ذخیرۂ حدیث سے واقفیت کے ساتھ ساتھ اس کے مستند مآخذ کی پہچان کا سلیقہ بھی عطا کرتا ہے۔
       چودھویں باب”جرح و تعدیل اور راویوں کے مراتب“ کے عنوان سے ہے،جس میں مصنف نے علمِ حدیث کے ایک نہایت اہم اور بنیادی شعبے،یعنی جرح و تعدیل،کا تعارف پیش کرتے ہوئے اس کی حقیقت،اہمیت اور تاریخی ارتقا پر روشنی ڈالی ہے۔واضح کیا گیا ہے کہ محدثین نے روایتِ حدیث کی حفاظت اور صحت و ضعف کی تمیز کے لیے راویوں کے کردار،حافظے،دیانت اور علمی صلاحیت کو کس باریک بینی سے پرکھا۔اسی ضمن میں اسبابِ جرح،ائمۂ نقد و رجال کی خدمات اور ان کے منہج کا ذکر کرتے ہوئے تعدیل اور جرح کے مختلف مراتب اور ان کے لیے مستعمل اصطلاحی الفاظ کی وضاحت کی گئی ہے۔گویا یہ باب قارئین کو اس فن کی گہرائی سے روشناس کراتا ہے جس کے ذریعے محدثین نے راویوں کے احوال کی چھان بین کر کے احادیثِ نبویہﷺ کے مستند ذخیرے کو ہر قسم کی آمیزش سے محفوظ رکھنے کی بے مثال علمی جدوجہد کی۔
      پندرہویں باب”تاریخِ روایتِ احادیث“ کے عنوان سے ہے،جس میں مصنف نے روایتِ حدیث کے تاریخی سفر کو عہدِ رسالتﷺ سے عصرِ حاضر تک نہایت جامع انداز میں سمیٹنے کی کوشش کی ہے۔رسول اللّٰہﷺ اور خلفائے راشدینؓ کی حیاتِ مبارکہ کا مختصر جائزہ پیش کرنے کے بعد خلفاء،فقہاء اور محدثین کے علمی و روایتی سلسلوں کو چارٹ کی صورت میں واضح کیا ہے۔مزید برآں صحابۂ کرامؓ،تابعین اور تبع تابعین کے طبقات و درجات،علمائے اہلِ حدیث اور علمائے دیوبند کے سلسلۂ روایتِ حدیث سے شاہ ولی اللّٰہؒ کے تعلق اور پندرہویں صدی ہجری کے عظیم محدث علامہ ناصر الدین البانیؒ کی خدمات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔گویا یہ باب قارئین کو اس عظیم علمی و تاریخی ورثے سے روشناس کراتا ہے جس کے ذریعے احادیثِ نبویہﷺ نسل در نسل منتقل ہوتی ہوئی ہم تک پہنچی ہیں۔
    سولویں باب”منکرینِ حدیث کے چند اعتراضات کے جوابات“ کے عنوان سے ہے،جس میں مصنف نے منکرینِ حدیث کی جانب سے اٹھائے جانے والے چند اہم اعتراضات کا علمی و تحقیقی انداز میں جائزہ لیتے ہوئے ان کے مدلل جوابات پیش کیے ہیں،تاکہ حدیثِ نبویﷺ کی حجیت و اہمیت واضح ہو اور اس کے مقام و مرتبے کے بارے میں پائے جانے والے شبہات کا ازالہ ہو سکے۔ساتھ ہی قراءت کے سات مشہور ائمہ کا مختصر تعارف اور اصطلاحاتِ حدیث کے انگریزی مترادفات بھی شامل کیے گئے ہیں،جو اس باب کی افادیت کو مزید وسعت دیتے ہیں۔یوں مصنف نے اس باب میں جہاں فکری اعتراضات کا ازالہ کیا ہے،وہیں قارئین کے لیے علمِ حدیث کی تفہیم اور جدید علمی اصطلاحات سے واقفیت کا ایک مفید سامان بھی فراہم کیا ہے۔
        حاصلِ مطالعہ یہ کہ پروفیسر خلیل الرحمٰن چشتی کی یہ تصنیف علمِ حدیث کے وسیع اور دقیق مباحث کو نہایت سادہ،منظم اور مدلل انداز میں پیش کرنے کی ایک قابلِ قدر علمی کاوش ہے۔بالخصوص دورِ فتنۂ انکارِ حدیث میں یہ کتاب نہ صرف شکوک و شبہات کے ازالے کا مؤثر ذریعہ ہے،بلکہ سنتِ نبویﷺ کی حجیت،اہمیت اور اس کے علمی مقام کو سمجھنے میں بھی گراں قدر رہنمائی فراہم کرتی ہے۔اپنی جامعیت،علمی استناد اور سہل اسلوب کے باعث یہ کتاب طلبہ،اساتذہ،محققین اور عام قارئین،سب کے لیے یکساں مفید اور لائقِ مطالعہ ہے۔
______________________________________
نام کتاب:حدیث کی اہمیت اور ضرورت
نام مصنف:پروفیسر خلیل الرحمٰن چشتی
 صفحات:403
قیمت:650
ناشر:ملّت پبلشرز اینڈ ڈسٹریبوٹرس
کتاب حاصل کرنے کے لیے رابطہ نمبر:9419561922

Comments